واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کی خاتون نائب کملا ہیریس نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں ایران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ نائب صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ کملا کا نتن یاہو کے ساتھ پہلا رابطہ ہے۔جمعے کے روز وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کملا نے خطہ میں ایرانی برتاؤ کو خطر ناک قرار دیا۔ ان کا اشارہ خطے کے متعدد ممالک میں عدم استحکام کے لیے تہران کا اپنی ہمنوا ملیشیاؤں کے استعمال کی جانب تھا۔ ان ممالک میں عراق، یمن اور شام شامل ہیں۔کملا نے واضح کیا کہ واشنگٹن اسرائیل کے امن کے حوالے سے ثابت قدم ہے۔اس سے قبل ایک سابقہ بیان میں اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ ایران کے معاملے بالخصوص نیوکلیئر معاہدے کے مسئلے سے نمٹنے کے طریقہ کار کے حوالے سے ان کے اپنے دوست “جو بائیڈن کے ساتھ اختلافات ہیں۔اسرائیل کا موقف ہے کہ اگر ایران نیوکلیئر معاہدہ کے حوالے سے اپنی عدم پاسداری سے پیچھے نہیں ہٹتا ہے تو اس پر سخت ترین پابندیوں کا سلسلہ جاری رکھنا بہتر ہو گا جب کہ بائیڈن انتظامیہ اس دم توڑتے معاہدے میں پھر سے جان ڈالنے کیلئے کوشاں ہے۔