خطہ میں تصادم ‘ ناٹو کی مزید فوج کوسوو روانہ

   

برسلز : کوسوو میں گزشتہ ہفتہ مسلح جھڑپوں کے بعد ناٹو نے چھ سو مزید فوجی بھیجے ہیںجو وہاں تعینات امن دستوں کی مدد کریں گے۔ اس دوران سربیا کے صدر نے اس بات سے انکار کیا ہے کہ وہ کوسوو کی سرحد پر فوج جمع کر رہے ہیں۔ اتوار کو ناٹو نے اعلان کیا کہ اس نے کوسوو میں تقریباً 600 اضافی فوجیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کوسوو میں پہلے سے تعینات عالمی امن دستوں (کے ایف او آر) کی مدد کریں گے۔ 600 برطانوی فوجیوں کا دستہ خطہ میں پہنچ رہا ہے۔ واضح رہے کہ سرحد پر سربیائی فوج کے جمع ہونے اور تیاریوں کے خبروں کے درمیان ہی کوسوو کے ایک پولیس اسٹیشن پر ہلاکت خیز حملہ ہوا، جس کے بعد فوج بھیجنے کا یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ناٹو کے ترجمان ڈیلن وائٹ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پرنسز آف ویلز کی رائل رجمنٹ کی پہلی بٹالین سے تقریباً 200 فوجیوں کو تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ وہ کوسوو میں پہلے سے ہی مشق کر رہے برطانیہ کے 400 مضبوط دستے میں شامل ہو سکیں۔ اس کے علاوہ مزید کمک دوسرے اتحادیوں کی طرف سے بھیجی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 24 ستمبر کو کوسوو پولیس اسٹیشن پر ہونے والے پرتشدد حملہ کے بعد خطہ میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، ۔

جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔