اقوام متحدہ، 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) روس کے نائب وزیر خارجہ ایگور مورگولوف نے کہا کہ تاجکستان میں سرحد ی چیکنگ چوکی پر حالیہ دہشت گرد تنظیم داعش (آئی ایس) کا حملہ ظاہر کرتا ہے کہ اس خطے میں افغانستان سے دہشت گردی کا خطرہ لاحق ہے ۔اقوام متحدہ-شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران مسٹر مورگولوف نے منگل کو کہا‘‘شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈھانچے کے اندر ہم افغانستان کی صورت حال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ حالیہ تاجکستان میں چوکی پر داعش کے حملے نے پھر سے ثابت کر دیا کہ اس خطے میں افغانستان سے دہشت گردی کا خطرہ لاحق ہے ’’ ۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی حمایت کرنے والے ذرائع میں سے ایک ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ روس شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ افغان لوگوں کے امن اور اقتصادی ترقی کی خواہشات کی حمایت کرتا ہے ۔