خطہ میں کشیدگی: کویتی وزارت تعلیم نے 90 ایمرجنسی شیلٹرز تیار کرلیے

   

کویت سٹی ۔15؍جون(ایجنسیز ) کویتی وزارت تعلیم نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سبب مختلف مقامات پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے 90 ایمرجنسی شیلٹرز تیار کیے ہیں۔ ان شیلٹرز کو شہری دفاع کے مقررہ ضوابط کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں انہیں استعمال کیا جاسکے۔میڈیا کے مطابق یہ اقدام طلبا کے تحفظ اور تعلیمی عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ اداروں اور حکام کے ساتھ مل کر صورتحا ل کی مانیٹرنگ کی جار ہی ہے تاکہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔کویتی وزارت تعلیم نے جو 90 شیلٹرز تیار کیے ہیں شہری دفاع کی ٹیمیں ان کا باقاعدہ معائنہ کرتی ہیں تاکہ کسی بھی کمی کو فوری طورپر پورا کیا جاسکے۔وزیرتعلیم و تربیت انجینئرجلال الطبطبائی نے ہنگامی بنیادوں پر وزارت کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں تاکہ سکولوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلیے فوری ایکشن کو یقینی بنایا جاسکے۔ بیان میں کہا گیا کہ’ تعلیمی اداروں کے لیے ریپڈ ایکشن فورس کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امتحانات کے دوران طلبا کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزارت نے یقین دلایا کہ بارویں جماعت کے دوسرے سمسٹر کے امتحانات جاری رہیں گے اور شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔