کابل۔ 18 اکتوبر(یو این آئی افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے وہ خطے اور خطے سے باہر کے تمام ممالک کے ساتھ ایک خود مختار ریاست کے طور پر بہتر تعلقات برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کسی کے ہاتھوں کا آلہ کار نہیں رہا اور نہ ہی کبھی بنے گا۔ ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات آزاد اور خودمختار نوعیت کے ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات کبھی بھی پاکستان کے خلاف نہیں رہے اور وہ چاہتے ہیں کہ خطے اور خطے سے باہر کے تمام ممالک کے ساتھ ایک خود مختار ریاست کے طور پر بہتر تعلقات قائم رکھے ۔ ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ افغانستان کی خارجہ پالیسی قومی مفادات کے تحت تشکیل پاتی ہے ، کسی تیسرے ملک کے اثر و رسوخ میں آ کر نہیں۔