خفیہ رائے دہی کے رازکا افشاء جرم

   

Ferty9 Clinic

3 ماہ تین ایک سال کی قید اور جرمانہ بھی ممکن ، الیکشن کمیشن
حیدرآباد۔19 جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں ہونے جارہے بلدی انتخابات کے دوران رائے دہندے اپنے حق رائے دہی کے استعمال کو مخفی رکھیں اور اس کی تشہیر نہ کریں۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے رائے دہندوں کیلئے رہنمایانہ ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں اس بات کا پابند بنانے کی کوشش کی ہے کہ وہ اپنے دستوری حق کے استعمال کی تشہیر نہ کریں کیونکہ حق رائے دہی کا کس کے حق میں استعمال کیا گیا ہے اس کی تشہیر کرنا بھی جرم ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اس بات کی وضاحت کی جاچکی ہے کہ اگر کوئی رائے دہندہ اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے بعد اس کا انکشاف کرتا ہے اور دوسروں کو راغب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے الیکشن کمیشن کے قوانین کے تحت 3ماہ سے ایک سال تک کی سزاء سنائی جاسکتی ہے۔ اسی لئے رائے دہندوں کو چاہئے کہ وہ کسی بھی طرح کی حرکت سے یہ ظاہر کرنے کی کوشش نہ کریں کہ انہوں نے کس کے حق میں ووٹ کا استعمال کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اس اعلامیہ کے سلسلہ میں ماہرین کا کہناہے کہ بلدیات میں حق رائے دہی کے استعمال اور کس کے حق میں اس کا استعمال کیا گیا ہے اس بات کا انکشاف دیگر رائے دہندوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اسی لئے ریاست تلنگانہ کے جن بلدیات میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں ان بلدیات میں لازمی طورپررائے دہندوں کو اس بات کا پابند بنایا جا رہاہے اور ان میں شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے انہیں اپنے ووٹ کے استعمال کو راز میں رکھنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔تلنگانہ کے بلدی قوانین کے الیکشن ایکٹ کی دفعہ 212 کیتحت رائے دہندے کے لئے لازمی ہے کہ وہ اپنے رائے دہی کے استعمال کے حق کا افشاء نہ کرے اگر کو ایسا کرنے کا مرتکب پایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور مقدمہ درج کیا جائے گا جس میں 3ماہ تک کی قید اور جرمانہ کی گنجائش موجود ہے۔اس کے علاوہ رائے دہندوں کو راغب کروانے کے الزام میں انڈین پینل کوڈ کے تحت مقدمہ کے اندراج کی بھی گنجائش موجود ہے جس میں ایک سال تک کی سزاء سنائے جاسکتی ہے۔ اسی لئے دیہی اور شہری رائے دہندوں میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں اس بات سے واقف کروایاجارہا ہے کہ وہ ووٹ کا استعمال کریں لیکن اس کا اکشاف نہ کریں کیونکہ ووٹ کا انکشاف آپ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے اور اس مقدمہ کے اندراج کی صور ت میں کوئی مدد نہیں کرسکتا۔