خلا بازوں کی روانگی سے قبل سعودی ولیعہد سے ملاقات

   

ریاض: سعودی ولیعہد اور وزیراعظم اور سپریم اسپیس کونسل کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے پیر کو سعودی خلابازوں ریانہ برناوی، علی القرنی، مریم فردوس اور علی الغامدی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دو سعودی خلا بازوں کے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر سائنسی مشن پر روانگی سے قبل کی گئی۔ ریانہ برناوی پہلی عرب اور مسلم خاتون خلا باز ہیں اسی طرح علی القرنی پہلے سعودی خلا باز ہیں جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جائیں گے۔ ان کا یہ مشن اگلے ماہ مئی میں شروع ہوگا۔ولی عہد نے کوالیفکیشن پروگرام کو کامیابی کے ساتھ پاس کرنے پر خلابازوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کے ذریعہ خلائی شعبہ کی عالمی مسابقت میں سعودی عرب کا کردار کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس سے سائنس اور انسانیت کی خدمت کیلئے خلائی تحقیق میں سعودی کردار بھی سامنے آئے گا۔ ولیعہد نے کہا کہ سعودی خلا باز ریانہ برناوی اور علی القرنی انسانیت کی بھلائی کیلئے پائیدار حل تلاش کرنے کیلئے جدت اور خلائی تحقیق میں حصہ لے کر کیلئے سعودی عوام کی صلاحیتوں اور امنگوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔یہ دونوں خلا باز بین الاقوامی خلائی ا سٹیشن پر وطن کے سفیر اور نمائندے ہونے کے ناطے اس مشن میں شریک ہو رہے ہیں جو لوگوں کو بااختیار بنانے، کرہ ارض کی حفاظت اور تحقیق کے ذریعہ نئے افق کھولنے کے بلند عزائم رکھتا ہے۔ خلاباز اس مشن کو صحت اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں انجام دیں گے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے خلا بازوں کے لیے اپنے مشن میں کامیابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے دعا کی۔