خلا سے زمین پر خود بخود لینڈ کرنے والی لانچ وہیکل

,

   

مختلف شعبوں کے تعاون سے اسرو کا ایک اور کامیاب تجربہ

بنگلور: انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے اتوار کو ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ری یوجیبل لانچ وہیکل آٹونومس لینڈنگ مشن کاکامیاب تجربہ کیا۔ قومی خلائی ایجنسی نے کہا کہ یہ تجربہ کرناٹک کے چتردرگ میں ایروناٹیکل ٹسٹ رینج میں کیا گیا۔ اسی کے ساتھ اسرو نے لانچ وہیکل کی خود بخود لینڈنگ کے میدان میں کامیابی حاصل کی ہے۔اسرو نے مزید کہا کہ ایل ای ایکس کے ساتھ، دوبارہ قابل استعمال لانچ کے میدان میں ہندوستان اپنے مقصد کے ایک اور قدم قریب پہنچ گیا ہے۔ دنیا میں پہلی بار، ایک ‘ونگ باڈی’ کو ایک ہیلی کاپٹر کی مدد سے 4.5 کلومیٹر کی بلندی پر لے جایا گیا اور رن وے پر خود بخود لینڈنگ کے لیے چھوڑا گیا۔ ہندوستانی فضائیہ کے چنوک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ری یوجیبل لانچ وہیکل نے ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 7.10 بجے 4.5 کلو میٹر کی بلندی پر اڑان بھری۔مقررہ پیرامیٹرز تک پہنچنے کے بعد مشن مینجمنٹ کمپیوٹر کی کمانڈ کی بنیاد پر ری یوجیبل لانچ وہیکل کو بیچ ہوا میں 4.6 کلومیٹر کے افقی فاصلے سے چھوڑا گیا۔ پوزیشن، رفتار، اونچائی وغیرہ سمیت 10 پیرامیٹرز کی نگرانی کی گئی اور ان کی تکمیل پر ری یوجیبل لانچ وہیکل کو چھوڑا گیا۔ ری یوجیبل لانچ وہیکل کو چھوڑے جانے کا عمل خود مختار تھا۔ری یوجیبل لانچ وہیکل نے انٹیگریٹڈ نیویگیشن، گائیڈنس اور کنٹرول سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے نیچے اترنا شروع کیا اور ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 7:40 پر خود بخود لینڈنگ کی۔ خود بخود لینڈنگ اسپیس ری انٹری گاڑی کی لینڈنگ کے عین حالات میں کی گئی تھی۔ری یوجیبل لانچ وہیکل آٹونومس لینڈنگ مشن کیلئے تیار کی گئی عصری ٹیکنالوجیز کے ساتھ موافقت اسرو کی دیگر لانچ گاڑیوں کو بھی زیادہ لاگت سے موثر بناتی ہے۔اسرو کے علاوہ انڈین ایئر فورس، آرمی ایئروورڈینیس اینڈ سرٹیفیکیشن سینٹر، ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ اور ایئر ڈیلیوری ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اسٹیبلشمنٹ نے اس ٹسٹ میں نمایاں تعاون کیا۔ خلائی محکمہ کے سکریٹری اور اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ،، ان لوگوں میں شامل تھے جو اس ٹسٹ کے گواہ بنے۔