حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) نامپلی میں حیدرآباد کے پہلے آٹو میٹیڈ ملٹی لیول کاکر پارکنگ (MLCP) کا آغاز کرنے کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کی جانب سے پرانے شہر میں خلوت میں اس طرح کا ایک پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ خلوت میں یہ ملٹی لیول کار پارکنگ تقریباً 1.2 ایکر رقبہ پر قائم کیا جارہا ہے اور اس میں تقریباً 225 کارس اور 300 ٹو وہیلرس کے لئے پارکنگ ہوگی۔ اس پراجکٹ کی تخمینہ لاگت 30 کروڑ روپئے ہے اور کنسیشن مدت 50 سال کیلئے ہے۔ ایچ ایم آر ایل منیجنگ ڈائرکٹر این وائی ایس ریڈی نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہاکہ ایچ ایم آر ایل نے اس پراجکٹ کے لئے ٹنڈرس جاری کردیئے ہیں۔ یہ فسیلٹی ایک ہمہ منزلہ عمارت ہوگی اور کنسیشنز کو ریونیو حاصل کرنے کے لئے کمرشیل جگہ کو فروغ دینے کی اجازت دی جائے گی۔ اس پراجکٹ کو ڈیزائن بلڈ فینانس آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (DBFOT) پر بھی عوامی خانگی شراکت (پی پی پی) موڈ کے تحت شروع کیا جائے گا۔ تاریخی عمارتوں جیسے چارمینار، چو محلہ پیالس سے قریب ہونے کی وجہ یہ جگہ کمرشل ڈیولپمنٹ کے لئے موزوں ہے اور یہاں پارکنگ جگہ کی بھی ضرورت ہے۔ تاریخی عمارتوں کو دیکھنے کے لئے اس علاقہ میں آنے والوں کو پارکنگ کی خاطر خواہ جگہ نہ ہونے سے ان کی گاڑیاں پارک کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس کے علاوہ اس علاقہ میں مقامی تجارتی اداروں کی بہتات کی وجہ اس علاقہ میں خاطر خواہ پارکنگ جگہ کی بہت مانگ ہورہی ہے۔ اس کے کنسیشنز کی جانب سے کمرشیل جگہ کو فروغ دیا جاسکتا ہے اور پارکنگ فیس اور اشتہارات کے ذریعہ آمدنی پیدا کی جاسکتی ہے۔ قواعد کے مطابق اس پراجکٹ کو انجام دینے والے کنٹراکٹر کی جانب سے کمرشیل جگہ میں مناسب مقامات پر ہورڈنگس لگائے جاسکتے ہیں اس کے علاوہ کرایہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔