تہران،16دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اتوار کو کہا کہ خلیجی خطے میں امریکہ کی فوج کی موجودگی سے حالات اور خراب ہوئے ہیں اور اس سے بنیاد پرستی کو بڑھاوا ملا ہے ۔پریس ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔مسٹر ظریف نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کہا،‘‘کچھ عالمی طاقتیں اس خلیجی خطے میں نابرابری اور بڑھتی دشمنی کو ایک موقع کے طورپر دیکھتی ہیں جو یہاں اپنی فوجی موجودگی کی توسیع کرنے اور اپنے ہتھیاروں کو بیچنے کے لئے ایک زمین تیار کرنے کا کام کرتی ہیں۔’’ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیجی خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی سے سکیورٹی مضبوط نہیں ہوئی ہے بلکہ حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ خلیجی ملکوں کو ہتھیار بیچنے کی پالیسی سے اس علاقے میں ہتھیاروں کی دوڑ کو اور زیادہ بڑھاوا ملا ہے ۔واضح رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مئی میں ایران نیوکلیائی معاہدے سے امریکہ کے الگ ہونے کا اعلان کیاتھا۔اس کے بعد سے ہی دونوں ملکوں کے تعلقات بہت ہی تلخ ہوگئے ہیں۔