واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سعودی عرب دورہ میں خلیجی ممالک کے سربراہان سے ریاض میں ملاقات کریں گے۔ ان کی اس ملاقات میں امکانی طور پر چھ خلیجی ملکوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ یہ بات حکومتی ذرائع سے سامنے آئی ہے۔صدر ٹرمپ کا مئی کے دوسرے ہفتے میں 13 تاریخ سے دورہ شروع ہوگا اور 16 مئی تک جاری رہے گا۔ ٹرمپ کا دوسری مدت صدارت میںسعودی عرب و خلیجی ملکوں کا پہلا دورہ ہوگا۔ علاوہ ازیں ان کا بطور صدر ماہ دسمبر سے اب تک یہ پہلا باقاعدہ غیر ملکی دورہ بھی ہوگا۔اس سے پہلے وہ صرف مختصر دورہ پر ویٹیکن گئے تھے۔ جہاں انہوں نے پوپ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے اپنے پہلے دورے کیلئے سعودی عرب کا انتخاب کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اپنے سعودی عرب دورہ میں ریاض میں ‘خلیج تعاون کونسل’ کے ارکان سے ملاقات کریں گے۔ ان میں متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت اور اومان شامل ہوں گے۔صدر ٹرمپ کی خلیجی سربراہان سے ملاقاتوں کا مقصد ان ملکوں کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات و تعاون کا فروغ ہے۔یاد رہے ہفتہ کو سعودی عرب کے ذمہ دار افسر نے کہا تھا کہ ان کے ملک نے ابھی تک خلیجی ملکوں کو دعوت دینے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ تاہم اس میں بعدازاں کوئی تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔