خلیجی ممالک میں پھنسے تلنگانہ ورکرس کو واپس لایا جائے

   

ورکرس فاقہ کشی پر مجبور، چیف منسٹر کو صدر تلگو دیشم ایل رمنا کا مکتوب
حیدرآباد ۔23 اپریل(سیاست نیوز) صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے تلنگانہ ورکرس کو وطن واپس لانے کے انتظامات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر ، عادل آباد ، نظام آباد ، میدک ، حیدرآباد اور رنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں مرد و خواتین روزگار کے لئے خلیجی ممالک کا رخ کرچکے ہیں۔ ایسے وقت جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے مزدور وطن واپسی کیلئے بے چین ہیں ۔ خلیجی ممالک میں لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں یہ مزدور معاشی بحران کا شکار ہیں اور غذا کے لئے ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن ورکرس کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ غذا اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم تلنگانہ کے ورکرس کو بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ رمنا نے کہا کہ بعض ممالک نے اپنے شہریوں کی واپسی کا انتظام کیا۔ اسی طرح تلنگانہ حکومت کو بھی اپنے شہریوں کی واپسی کیلئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی ورکرس سڑکوں اور پارکس میں قیام پر مجبور ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں کئی کمپنیاں معاشی بحران کا شکار ہوگئیں ، لہذا لیبرس کو خدمات سے علحدہ کردیا گیا۔