خلیجی ممالک میں 2.5لاکھ سے زائد کورونا وائرس متاثرین

   

دبئی ۔6جون ( سیاست ڈاٹ کام )خلیجی ممالک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 7001 نئے کیس سامنے آئے ہیں- اس طرح مصدقہ کیسز کی تعداد دو لاکھ 58 ہزار 450 تک پہنچ گئی جن میں سے 1829 مریضوں کی حالت نازک ہے۔وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 1303 ہوچکی ہے جبکہ وائرس سے شفا پانے والوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 201 ہوگئی ہے۔الامارات الیوم کے مطابق کل امارات میں کورونا کے 624 نئے مصدقہ کیسز ریکارڈ کئے گئے- کل تعداد 37642 ہوگئی۔ اب تک 20337 صحت یاب ہوئے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 274 ریکارڈ کی جاچکی ہے۔حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی پر مختلف ممالک کے شہری گرفتار کیے گئے۔امارات میں قدرتی آفات اور ہنگامی امور کے ادارے کے ترجمان نے بتایا کہ مختلف ممالک کے شہری حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ ان میں سے نجی اداروں کے بعض کارکنان نے پابندی کے باوجود دفاتر میں جاکر ڈیوٹی دی۔ کئی کرفیو کے دوران گھروں سے باہر گھومتے ہوئے پکڑے گئے۔بعض نے ہاؤس ائسولیشن کی پابندی نہیں کی۔ کئی زرعی فارموں اور پبلک مقامات پر اجمتاعات کرتے ہوئے پائے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔سکائی نیوز کے مطابق کویتی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ جمعے کو 723 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی- کل تعداد 30644 ہوگئی جبکہ 8 اموات ہوئی ہیں جس سے مرنے والوں کی کل تعداد 244 تک پہنچ گئی۔ میڈیاکے مطابق قطر کی وزارت صحت نے بتایا کہ 1754 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے چار اموات ہوئی ہے مرنے والوں کی کل تعداد 49 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز کی کل تعداد 24511 ہوچکی ہے- 1467 صحت یاب ہوئے ہیں۔عراق میں پہلی بار ایک دن میں ایک ہزار سے زیادہ نئے کورونا کے مریض ریکارڈ کئے گئے۔ عراقی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ 1006 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔