علحدہ ویلفیر فنڈ کے قیام کی تجویز، ورکرس کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت خلیجی ممالک میں برسرخدمت تلنگانہ کے ورکرس کے مفادات کا تحفظ کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ کورونا لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں خلیجی ممالک میں پریشان حال ورکرس کی مدد کیلئے حکومت کی سطح پر سفارتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے خلیجی ممالک میں کام کرنے والے ورکرس کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران یہ تیقن دیا۔ ونود کمار کو بتایا گیا کہ خلیجی ممالک میں ہزاروں ورکرس لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے نتیجہ میں معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ وطن واپسی کیلئے سرکاری سطح پر اقدامات کئے جائیں کیونکہ مقامی آجرین کی جانب سے کوئی انتظامات ممکن نہیں ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بالخصوص چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خلیجی ممالک کے ورکرس کے مسائل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان مسائل کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گلف ورکرس ویلفیر بورڈ کے قیام کے ذریعہ ورکرس کی مدد کرنے کی درخواست کی گئی۔ ورکرس کے نمائندوں نے کہا کہ خلیجی ممالک میں فوت ہونے والے ورکرس کی میتوں کی منتقلی کے سلسلہ میں حکومت کو توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے خلیجی ورکرس کیلئے انشورنس اور ان کی بنیادی یافت کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکومتوں سے نمائندگی کی درخواست کی گئی۔ ونود کمار نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ ان مسائل کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے رجوع کرتے ہوئے مرکزی وزارت خارجہ کے ذریعہ مسائل کا حل تلاش کریں گے۔ ونود کمار سے ملاقات کرنے والوں میں کے نرسمہن نائیڈو، بھیم ریڈی، ایم رمیش، بالا کشن، سرینواس، جی مرلیدھر ریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے این آر آئیز کے مسائل سے نمٹنے کیلئے جو شعبہ قائم کیا گیا ہے وہ خلیجی ورکرس کے مسائل پر توجہ مرکوز کرے گا۔