خلیجی ممالک کے متاثرین کو حکومت سے پانچ لاکھ روپئے کی امداد

   

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کی چیف منسٹر سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے کے مطابق خلیجی ممالک میں مسائل کا شکار ہوکر فوت ہونے والے ورکرس کے افراد خاندان کو حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ روپئے کی امداد دی گئی ۔ گلف ورکرس جے اے سی کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ خلیجی ممالک میں پریشان حال تلنگانہ شہریوں کی بازآبادکاری کے اقدامات کئے جائیں ۔ حکومت کی تشکیل کے 100 دن میں پانچ لاکھ روپئے معاوضہ کی ادائیگی قابل تحسین اقدام ہے۔ بالکنڈہ کے سابق رکن اسمبلی ای انیل کی قیادت میں پردیش کانگریس کمیٹی این آر آ ئیز سیل کے صدرنشین ڈاکٹر بی ایم ونود کمار قطر سے تعلق رکھنے والے این آر آئی ڈی مدھو ، پردیش کانگریس کمیٹی این آر آئی سیل کے کنوینر سنگھی ریڈی سریش ریڈی ، پرواسی متھرا لیبر یونین کے صدر سوادیش اور گلف ورکرس کے کئی نمائندوں نے اظہار تشکر کیا۔ ونود کمار کے مطابق 15 اپریل کے بعد خلیجی ممالک میں کام کرنے والی تنظیوں کے نمائندوں سے چیف منسٹر کی ملاقات ہوگی۔ اس موقع پر ریاستی وزراء اور ارکان اسمبلی سے مشاورت کے بعد خلیجی ممالک کے ورکرس کے لئے بازآبادکاری منصوبہ تیار کیا جائے گا ۔