حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے جنوب مغربی خلیج بنگال میں 3 ڈسمبر تک طوفان میچانگ کے شدت اختیار کرنے کی پیش قیاسی کی ہے اور یہ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ طوفان شمالی ٹاملناڈو کے ساحل سے ٹکرائے گا ۔ خاص طور پر اس کا اثر چینائی اور مچھلی پٹنم میں 4 ڈسمبر کو دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کیلئے ٹاملناڈو کے علاوہ ساحلی اور داخلی آندھرا پردیش کیلئے آرینج الرٹ بھی جاری کردیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور یہ جنوب مشرق اور جنوب مغرب کی سمت پیشرفت کرسکتی ہے ۔ امکان ہے کہ 2 ڈسمبر کو اس میں تیزی آئے گی اور پھر 3 ڈسمبر کو یہ طوفان کی صورتحال اختیار کرلے گی ۔ یہ طوفان 4 ڈسمبر کو جنوبی آندھرا پردیش اور پڑوسی شمالی ٹاملناڈو کے ساحل تک پہونچ سکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب 3 اور 4 ڈسمبر کو اس کے اثر سے تلنگانہ کے کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ تاہم یہ بارش یکا دوکا مقامات پر ہی ہوسکتی ہے ۔