حیدرآباد۔/7اگسٹ،( سیاست نیوز) اوڈیشہ کے ساحل کے قریب شمالی خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں موسلا دھار یا انتہائی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائرکٹر وائی کے ریڈی نے کہا کہ خلیج بنگال میں پیدا ہونے والی ہوا کے دباؤ میں بھاری کمی کے اثر سے دو تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں موسلادھار اور انتہائی موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ چہارشنبہ کی رات اور جمعرات کو دونوں ریاستوں کے کئی مقامات میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہوا کے دباؤ میں ہونے والی کمی میں مزید اضافہ ہوگا جس کے اثر سے آندھرا پردیش کے ساحلی علاقوں میں 50 تا 55 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ حیدرآباد میں مطلع عام طور پر ابرآلود رہے گا اور ایک یا دو مرتبہ بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 28 اور 23 کے درمیان رہے گا۔ماہی گیروں کو شمال مغربی خلیج بنگال کے ساحلوں کے قریب مصروفیات سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وائی کے ریڈی نے کہا کہ اگسٹ کے دوران تاحال حوصلہ افزاء بارش ہوئی ہے۔
