پھنسے ہوئے شہریوں کی واپسی عمان اور سعودی عرب سے شروع کی گئی ،ہندوستانی سفیر اوصاف سعید و دیگر قاصدین کا بیان
مسقط / ریاض ۔ /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کووڈ۔19 سے مربوط سفری تحدیدات کے سبب خلیجی مملکتوں میں پھنسے اپنے شہریوں کا تخلیہ شروع کیا ہے لیکن ابھی خلیج کی ہر مملکت کا احاطہ نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک کے قاصدین نے متفکر تارکین وطن کو تیقن دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ناگزیر وجوہات سے دوچار لوگوں کیلئے وطن واپسی کے سلسلہ میں مزید فلائیٹس چلائی جائیں گی ۔ انڈیا نے عمان اور سعودی عرب میں پھنسے شہریوں کا تخلیہ وندے بھارت مشن کے تحت ہفتہ کو کیا ۔ اس نوعیت کی پروازوں میں پہلی دو فلائیٹس /7 مئی کو یو اے ای کے ابوظہبی اور دوبئی سے چلائی گئیں جن کے ذریعہ کیرالا کو 363 ہندوستانی واپس ہوئے ۔ ہندوستانی سفیر برائے سعودی عرب اوصاف سعید نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ ریاض سے کوزی کوڈ کیلئے خصوصی فلائیٹ 152 مسافرین کے ساتھ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ فلائیٹ میں بنیادی طور پر ایسے ورکرس کو جگہ دی جارہی ہے جو کورونا وائرس وباء کے سبب اپنے جاب سے محروم ہوگئے ۔ اس فلائیٹ میں طبی نگہداشت کی فوری ضرورت والے افراد اور بڑی تعداد میں کیرالا کی حاملہ نرسوں کو بھی وطن واپس پہونچایا گیا ۔ سعودی عرب میں انڈین مشن آئندہ ہفتے مزید 4 فلائیٹس کا انتظام کررہا ہے جن میں پیر کو ریاض تا دہلی فلائیٹ چلے گی ۔ سعودی عرب میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں جیسے تلنگانہ ، کرناٹک ، مہاراشٹرا ، بہار ، اترپردیش ، راجستھان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کیلئے /16 مئی کے بعد سے مختلف فلائیٹس کا پروگرام بنایا جارہا ہے ۔ اوصاف سعید نے کہا کہ جو ہندوستانی وطن واپس ہونے کے خواہاں ہیں ، انہیں انڈین ایمبیسی کی ویب سائیٹ پر رجسٹریشن کرانا چاہئیے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام پریشان تارکین وطن کو ممکنہ حد تک جلد وطن پہونچایا جائے گا ۔ اس درمیان ضروری ہے کہ آپ تمام اپنا حوصلہ قائم رکھیں اور پریشان نہ ہوں ۔ آج مسقط سے کوچی کیلئے 181 ہندوستانیوں کے ساتھ فلائیٹ نے اڑان بھری ۔ ہندوستانی سفیر برائے عمان مونو مہاور نے مختلف وزارتوں کا شکریہ ادا کیا کہ پھنسے ہوئے شہریوں کی پرسکون واپسی کا عمل یقینی بنایا گیا ۔ یو اے ای میں شارجہ سے ایرانڈیا کی فلائیٹ آج ہی 182 مسافرین کے ساتھ لکھنؤ روانہ ہوئی ۔ اس فلائیٹ میں اکثریت نرسوں کی ہے ۔ ہندوستانی سفیر برائے یو اے ای پون کپور شخصی طور پر ابوظہبی ایرپورٹ میں موجود رہے اور ہندوستان کیلئے پرواز کرنے والی فلائیٹس کے مسافرین سے بات کی ۔
بیرونی ممالک سے 1,458 ہندوستانی وطن واپس
نئی دہلی ۔9مئی (سیاست ڈاٹ کام)بیرونی ممالک میں پریشان حال ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے شروع کئے گئے وندے بھارت مشن کے تحت پہلے دو دن میں 17 بچوں سمیت 1,458 ہندوستانی وطن واپس لوٹے ہیں ۔اس مشن کا آغاز 7 مئی کو کیا گیا تھا اور پہلے دن ایئر انڈیا ایکسپریس کی دو پروازوں میں متحدہ عرب امارات سے نو بچوں سمیت 363 افراد کی وطن واپسی ہوئی تھی ۔ جمعہ کے روز ایئر انڈیا کی دو اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی چار پروازوں میں 8 بچوں سمیت 1,095 ہندوستانیوں کو ملک واپس لایا گیا ۔شہری ہوا بازی کی وزارت نے بتایا کہ جمعہ کے روز سنگاپور سے 234 افراد کو دہلی لایا گیا ۔بنگلہ دیش میں پڑھنے والے 168 ہندوستانی طلباء کو ڈھاکہ سے سری نگر لایا گیا ۔بحرین سے 177 مسافروں اور پانچ بچوں کو لے کر ایئر انڈیا ایکسپریس کا ہوائی طیارہ گزشتہ روز کوچی پہنچا ۔ریاض سے 152 مسافروں کے ساتھ ایک اورطیارہ کالیکٹ پہنچا ۔دبئی سے گزشتہ روز دو پروازیں کیں جو آج صبح چنئی ہوائی اڈے پر اتریں ۔ ایک طیارہ رات ایک بجے چنئی پہنچا جس میں 179 مسافر اور تین بچے تھے ۔ دوسرے طیارے میں 177 مسافر سوار تھے جو صبح 1.50 بجے چنئی ہوائی اڈے پر اترا۔
