اوساکا 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ہندوستان کی تشویش کا اظہار کیاکہ جنگی نقطہ نظر سے اہمیت کے حامل خطۂ خلیج فارس میں توانائی کی سلامتی اور امن کے بارے میں غیریقینی کیفیت ٹھیک نہیں۔ وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ امریکہ ۔ ایران کی بڑھتی کشیدگی پر بات کررہے تھے۔ مودی ۔ ٹرمپ میٹنگ یہاں G-20 سمٹ کے موقع پر منعقد ہوئی، اِس کا پس منظر ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگیوں میں اضافہ ہے۔ امریکہ نے تہران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ نہایت حساس خلیجی آبی حدود میں آئیل ٹینکروں کے خلاف سلسلہ وار حملوں کے پس پردہ کارفرما ہے۔ گزشتہ ہفتے پنٹگان نے کہا تھا کہ ایرانی فورسیس نے امریکی نگرانکار ڈرون کو مار گرایا۔ وزیراعظم مودی نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں تذکرہ کیاکہ ایران 4 موضوعات میں سے ہے جن پر وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ بات کرنا چاہیں گے۔ مودی ۔ ٹرمپ بات چیت پر میڈیا کو واقف کراتے ہوئے معتمد خارجہ وجئے گوکھلے نے کہاکہ بنیادی توجہ اِس بات پر رہی کہ خلیج فارس کے خطہ میں استحکام کو کس طرح یقینی بنایا جائے۔
