خلیج میں پریشان حال تلنگانہ ورکرس کی مدد کیلئے اقدامات

   

Ferty9 Clinic


وزارت خارجہ کے عہدیدار کی سومیش کمار اور ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد: خلیجی ممالک میں مسائل کا شکار تلنگانہ کے لیبرس کو راحت فراہم کرنے اور جیلوں میں قید افراد کی رہائی کے سلسلہ میں وزارت خارجہ کے او ایس ڈی راج شیکھر سے چیف سکریٹری سومیش کمار اور پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے بات چیت کی۔ ونود کمار نے کہاکہ تلنگانہ حکومت خلیج میں مسائل کا شکار مائیگرنٹ ورکرس کے بارے میں فکرمند ہیں۔ کئی مائیگرنٹ لیبرس مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور جیلوں میں بند ہیں۔ انہیں قانونی مدد پہنچانے کیلئے وزارت خارجہ کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ کورونا لاک ڈاؤن کے بعد سے خلیجی ممالک میں ہزاروں مائیگرنٹ ورکرس روزگار سے محروم ہوگئے اور انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ پریشان حال ورکرس کی واپسی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ وزارت خارجہ سے متعلق مسائل پر اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں چیف سکریٹری کے علاوہ سینئر عہدیداروں مرتضی علی رضوی ، اروندر سنگھ اور دوسروں نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ کے او ایس ڈی راج شیکھر جن کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے ، ان سے مختلف امور پر بات چیت کی گئی ۔ مرکزی حکومت کے مختلف پروگراموں میں ریاستوں کے درمیان بہتر تال میل کے لئے اسٹیٹ ڈیویژن قائم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے دنیا بھر میں موجود غیر مقیم تلنگانہ شہریوں کی مدد کیلئے ہیلپ لائین ڈیسک قائم کیا ہے جس کے ذریعہ پریشان حال افراد کی مدد کی جاتی ہے۔ انڈین کمیونٹی ویلفیر فنڈ اور دیگر ذرائع سے ہندوستانی مشن کی مدد حاصل کی جاتی ہے۔ بیرونی ممالک میں پی وی نرسمہا راؤ کی صدی تقاریب کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے بیرونی ممالک میں انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔ بیرونی یونیورسٹیز میں تلنگانہ کے طلبہ کے داخلہ کو یقینی بنانے کیلئے وزارت خاجہ سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے ۔