۔3 مئی کے بعد بیرونی ممالک سے شہریوں کی واپسی کے عمل کا آغاز متوقع
نئی دہلی۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر میں کورونا وائرس وباء کے باعث لاک ڈاؤن پر عمل کیا جارہا ہے۔ خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کیلئے ہندوستانی فضائیہ کے علاوہ ہندوستانی بحریہ کو بھی اب تیار رکھا گیا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ہندوستانی بحریہ کے دو جہاز اور آئی این ایس جلشوا کو اس مقصد کیلئے تیار رکھا گیا ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے تین جہازوں میں 1500 تا 2,000 افراد کو واپس لانے کی گنجائش ہے۔ عہدیداروں کے مطابق مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے شہریوں کو واپس لانے کی کارروائی 3 مئی کے بعد شروع کی جاسکتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر ہندوستانی بحریہ کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ اگر ہندوستانی شہریوں کی تعداد زیادہ ہو تو ایر انڈیا اور انڈین ایرفورس کی مدد کیلئے ہندوستانی بحریہ کی مدد حاصل کی جائے گی۔ ہندوستانی بحریہ اس مقصد کیلئے تیار ہے۔ بحریہ کے جہازوں میں بڑی تعداد میں شہریوں کو نہیں لایا جاسکتا چونکہ سماجی فاصلے کی ہدایت کو بھی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئی این ایس جلشوا میں 1,000 سے زیادہ افراد کی گنجائش ہے جبکہ دیگر دو جہازوں میں 400 تا 500 افراد کو لایا جاسکتا ہے۔ اگر پھنسے ہوئے شہریوں میں کورونا وائرس کی علامتیں پائی جاتی ہیں تو جہاز پر کورنٹائن یا آئسولیشن کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
