ریاض: سعودی عرب میں آج شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا۔چنانچہ چہارشنبہ 12 مئی کو30 رمضان طئے پائی اور جمعرات کو عیدالفطر منائی جائے گی۔عدم رویت کی تصدیق خلیج کی دیگر مملکتوں سے بھی ہوئی ہے۔فوری طور پرتین خلیجی ممالک سعودی عرب ، قطر اور متحدہ عرب امارات نے جمعرات کو عید الفطر واقع ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ قطر اوریو اے ای نے اعلان کیا ہے کہ آج بروز منگل شوال کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا رمضان المبارک کا اختتام 30 ایام کے بعد ہوگا، اور یوں عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔قبل ازیں ملائیشیا اور انڈونیشیا عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کرنے والے پہلے دو اسلامی ممالک بن گئے۔ دونوں ممالک میں رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر 13 مئی بروز جمعرات کو ہوگی۔ آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں رمضان المبارک کے اختتام سے چند روز قبل ہی رواں سال عید الفطر کی تاریخ (13 مئی بروز جمعرات) کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان المبارک 30 ایام پر مشتمل ہوگا۔