واشنگٹن 15 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے آج چہارشنبہ کو کہا ہے کہ ایران اور خلیجی ریاستیں علاقے کا تحفظ کر سکتی ہیں اور اس کے لیے غیر ملکی فوجوں کی خطے میں موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویڑن کے مطابق ایران نے خلیج میں امریکہ کے میری ٹائم سکیورٹی مشن کو مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔ایران نے گزشتہ ماہ ایک بحری جہاز کو پکڑ لیا تھا جس پر برطانوی جھنڈا لہرا رہا تھا۔ اس کے بعد سے امریکہ نے خلیج کے علاقے میں برطانیہ کے تعاون سے میری ٹائم سکیورٹی مشن کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم، ایران نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔اس سے قبل صدر روحانی نے پیر کے روز ہمسایہ ممالک کے سربراہان کو فون کر کے آبنائے ہرمز میں امریکہ کے میری ٹائم سکیورٹی مشن کے خلاف حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی۔
