طرابلس ۔ 14 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے بغیر ہی ماسکو سے واپس لوٹ گئے ہیں۔ اس معاہدے کا مقصد لیبیا میں گزشتہ نو ماہ سے جاری لڑائی کا خاتمہ تھا۔ لیبیا کے مشرقی حصے کا کنٹرول سنبھالے ہوئے خلیفہ حفتر نے گزشتہ شب کہا تھا کہ وہ آج منگل کی صبح تک اس معاہدے پر غور کریں گے جس پر اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت کے وزیر اعظم فائز السراج پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں۔ حفتر کی ماسکو سے روانگی کی تصدیق روسی وزارت خارجہ نے بھی کر دی ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے تاہم کہا ہے کہ روس لیبیا میں جنگ بندی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔