نئی دہلی ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کے شاندار مظاہروں کا صلہ دیتے ہوئے انہیں بی سی سی آئی نے سالانہ کنٹراکٹ میں اے زمرہ میں شامل کیا ہے جبکہ اس زمرہ میں پہلے سے موجود سینئر اوپنر شکھردھون کو زوال کے بعد کم درجہ کے زمرہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے گذشتہ دیر رات گئے اپنے 25 کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدہ کا اعلان کیا ہے اور یہ چار گروپس میں فراہم کیا گیا ہے۔ پہلا گروپ اے پلس قرار دیا گیا ہے جس میں شامل کھلاڑیوں کو 7 کروڑ، اے گروپ کے کھلاڑیوں کو 5 کروڑ، بی گروپ کے کھلاڑیوں کو 3 کروڑ اور سی گروپ کے کھلاڑیوں کو 1 کروڑ روپئے دیئے جائیں گے۔ گذشتہ برس 26 کھلاڑیوں کو بی سی سی آئی نے سنٹرل کنٹراکٹ دیا تھا۔ جن کھلاڑیوں کو زوال ہوا ہے ان میں دھون کے علاوہ فاسٹ بولر بھونیشور کمار کو بھی اے پلس زمرہ سے نکال دیا گیا ہے اور اب اس زمرہ میں صرف تین کھلاڑی بھی موجود ہیں جوکہ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور ان کے نائب روہت شرما کے ہمراہ فاسٹ بولر جسپریت بمرا ہے۔ دریں اثناء بائیں ہاتھ فاسٹ بولر محمد خلیل اور ہنوماویہاری کنٹراکٹ حاصل کرنے والے نئے کھلاڑی ہیں جنہیں سی گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ مینک اگروال، پارتھوشا اور وجئے شنکر جنہوں نے متاثرکن مظاہرے کئے ہیں تاہم انہیں کوئی معاہدہ بھی نہیں ملا ہے۔ محسوس ہوتا ہیکہ مرلی وجئے اور سریش رائنا کیلئے کریئر کے دروازے بند ہوچکے ہیں کیونکہ انہیں گذشتہ برس انہیں تنزلی کے بعد اے سے سی زمرہ میں منتقل کردیا گیا تھا اب اس زمرہ سے بھی باہر کرتے ہوئے ان سے کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سالانہ معاہدہ میں سب سے زیادہ فائدہ 21 سالہ پنت کو ہوا جو گذشتہ برس بی سی سی آئی کے معاہدہ شدہ کھلاڑیوں میں وہ شامل ہی نہیں تھے لیکن اس مرتبہ وہ سیدھے اے زمرہ میں شامل کرلئے ہیں جس میں دیگر 10 کھلاڑی موجود ہیں کیونکہ ایم ایس دھونی کی سبکدوشی کے بعد پنت کو تمام طرز کی کرکٹ میں پہلی پسند تصور کیا جارہا ہے۔ نقصان اٹھانے والے کھلاڑیوں میں دھون بھی شامل ہیں کیونکہ انہیں آسٹریلیا سیریز کے خلاف ٹسٹ ٹیم سے پہلے ہی باہر کردیا گیا تھا پھر اس کے بعد گذشتہ 6 ماہ کے دوران ان کے ونڈے مظاہرے بھی مایوس کن ہے۔
اے پلس زمرہ
ویراٹ کوہلی ، روہت شرما اور جسپریت بمراہ ۔
اے زمرہ
مہندر سنگھ دھونی، رشپھ پنت ، چیٹیشور پجارا، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، ایشانت شرما، محمد سمیع ، کلدیپ یادو، شکھردھون، بھونیشور کمار اور اجنکیا راہنے ۔
بی زمرہ
لوکیش راہول ، ہاردک پانڈیا، اومیش یادو اور یوزویندر چہل۔
سی زمرہ
کیدار جئے دیو، دنیش کارتک، امباٹی رائیڈو، منیش پانڈے، ہنوماوہاری، خلیل احمد اور وریدھیمان ساہا۔