چینائی ۔خلیل احمد کی شاندار بولنگ اور جانی بیرسٹو کی نصف سنچری کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے رواں آئی پی ایل 2021 ء میں اپنی پہلی کامیابی درج کی ہے ۔ پنجاب کنگس کی جانب سے کامیابی کیلئے دیئے گئے 121 رنز کا نشانہ حیدرآباد نے ایک وکٹ کے نقصان پر 18.4 اوورس میں حاصل کرلیا ۔ بیرسٹو نے 56 گیندوں میں 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز اسکور کئے ۔قبل ازیں خلیل احمد اور دیگر تمام بولروں کی شاندار بولنگ کی بدولت حیدآباد نے حریف پنجاب کنگز کو صرف120 رنز تک محدود رکھا ۔پنجاب کو آل آوٹ کرنے میں بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر محمد خلیل نے اہم رول ادا کیا جیسا کہ انہوں نے اپنے مقررہ 4 اوورس میں 23 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ابھیشک شرما نے 2 جبکہ بھونیشور کمار، راشد خان اور سدھارتھ کوئل نے فی کس ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔پنجاب کیلئے شاہ رخ خان نے سب زیادہ 22 رنز بنائے ۔شاہ رخ نے 17 گیندوں کی اپنی اننگز میں 2 چھکے لگائے۔علاوہ ازیں مینک اگروال نے 25 گیندوں نے 22 رنز اسکور کئے ۔کپتان راہول 4 اور کریس گیل 15 رنز ہی بناپائے جبکہ ٹورنمنٹ میں مسلسل ناکام ہونے والے پورن آج اپنا کھاتہ ہی نہیں کھول پائے۔