ممبئی میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اشاروں اشاروں میں وزیر اعظم مودی پر حملہ کیا ہے۔ اس تقریب میں انہوں نے کہا کہ ’’خواب دکھانے والئے رہنما عوام کو اچھے لگتے ہیں لیکن دکھائے ہوئے خواب اگر پورے نہیں کئے جاتے تو عوام ان کی پٹائی بھی کرتی ہے اس لئے خواب وہی دکھاؤ جن کو پورا کر سکو ۔ میں خواب دکھانے والوں میں سے نہیں ہوں ۔ میں جو بولتا ہوں ڈنکے کی چوٹ پر سو فیصد پورا کرتا ہوں‘‘۔
نتن گڈکری کے اس بیان کو سیدھے طور پر وزیر اعظم سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے وزیر اعظم کےامیدوار نریندر مودی نے انتخابی جلسوں میں عوام کو ’اچھے دن‘ کے خواب دکھائے تھے ۔ اس و قت بی جے پی کے اشتہارات میں بھی اچھے دنوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔واضح رہے حال ہی میں جب ایک سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا اچھے دن آ گئے ہیں تو عوام کا جواب نفی میں تھا ۔
ایسا نہیں ہے کہ نتن گڈکری نے وزیر اعظم پر پہلی مرتبہ نشانہ سادھا ہے ۔گزشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں ایک مراٹھی ٹی وی چینل کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ لفظ ’ جملہ ‘ نے وزیر اعظم مودی اور انکی قیادت والی حکومت کی پول کھول دی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ان کو تو کبھی امید نہیں تھی کہ وہ اقتدار میں آئیں گے ۔ پھر لوگوں نے کہا لمبے لمبے وعدے کرنے شروع کر دو کیونکہ ہم کون سےاقتدار میں آنے والے ہیں ‘‘۔ انہوں نے آگے کہا ’’عوام نے تو حقیقت میں ہمیں ووٹ دے کر اقتدار سونپ دیا ‘‘۔ یہ کہہ کر نتن گڈکری زور سے ہنس پڑتے ہیں ۔ نتن گڈکری سے جب پوچھا گیا کہ جب لوگ وعدے یاد دلاتے ہیں تو آپ کیا کرتے ہیں تو ان کا جواب تھا کہ ہم بھی مسکرا دیتے ہیں ۔ کانگریس نے نتن گڈکری کا یہ انٹرویو اپنے ٹویٹر ہنڈل سے ٹویٹ کیا ہے ۔
گڈکری لگاتار اپنی حکومت اور وزیر اعظم مودی پر اشاروں اشاروں میں حملہ کرتے رہے ہیں ۔ گزشتہ مہینے دسمبر میں آئی بی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھی انہوں نے نہ صرف نہرو کی تعریف کی تھی بلکہ کہا تھا کہ اگر حکومت عوام کے لئے کام نہیں کرتی تو حکومت کی ایسی تبدیلی کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔ واضح رہے نتن گڈکری ہی بی جے پی کے واحد رہنما ہیں جو اتنا سب کچھ کہہ دیتے ہیں اور کیا ایسا کچھ کہنے کے پیچھے بی جے پی اور سنگھ کی کوئی نئی چال ہے اور گڈکری کو مودی کے متبادل کے طور پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
https://indianexpress.com/article/india/people-will-thrash-leaders-who-show-dreams-dont-fulfill-nitin-gadkari-5557421/