خواتین، شریعت پر عمل کریں ، دشمن کو موقع نہ دیں

   

یکساں سیول کوڈ کی سخت مخالفت ، ظہیرآباد میں سمینار، ناصرہ خانم اور دیگر کا خطاب
ظہیر آباد۔ 26/جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ظہیر آباد و مسلم پرسنل لاء بورڈ شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ایک نصف روزہ سیمینار بعنوان” شریعت اسلامی اور یکساں سیول کوڈ” اسلامک سنٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت محترمہ ناصرہ خانم اسسٹنٹ سیکریٹری جماعت اسلامی ہند نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ یونیفارم سیول کوڈ کی آڑ میں ملک کی اقلیتوں سے امتیازی سلوک کرنے کی مذموم کوششیں ہو رہی ہیں ۔ اس لئے کہ یہ دستور ہند میں دئے گئے قانون کے مغائر ہے ۔انہوں نے خواتین کو تلقین کی کہ اسلامی شریعت سے واقف ہوں اور اپنے عائیلی قوانین پر سختی سے عمل پیرا ہو جائیں اور دشمن کو موقع فراہم نہ کریں ۔پروگرام کوآرڈینیٹر محترمہ جلیسہ سلطانہ یاسین ایڈوکیٹ کنوینر مسلم پرسنل لاء بورڈ نے بعنوان” یکساں سیول کوڈ کی مذمت ‘ خصوصی خطاب کر تے ہوئے کہاکہ یکساں سیول کوڈ مسلمانوں اور دیگر طبقات کو بانٹنے کی ایک سازش ہے، یہ ملک کے مفاد میں ہرگز نہیں ہے اور دستور ہند کی دفعہ 25 سے کھلواڑ ہے۔ مسلم پرسنل لاء کے خلاف بھی ہے ۔ اس ضمن میں مسلم پرسنل لاء بورڈ کے شعبہ خواتین کی جانب سے مسلم خواتین میں شعور بیداری کے لئے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں۔ محترمہ ارجمند رضوی نے” تعارف شریعت” محترمہ مفیظہ حفیظ نے “اتباع شریعت میں ہی کامیابی” خطاب کیا ۔ محترمہ جمیلہ فیروز ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ظہیر آباد نے افتتاحی کلمات اداکئے اور مہمانوں کاخیر مقدم کیا ۔ اجتماع کا آغاز حافظہ ثمرین صباء کی تلاوت وترجمانی سے ہوا – محترمہ بشری افروز رکن جماعت اسلامی نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس موقع پر خواتین و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔