خواتین ، بچوں اور بوڑھوں کا خیال رکھیں،مرکز کا مشورہ

   

نئی دہلی : کورونا وبا کی دوسری لہر سے لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مرکزی حکومت نے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے خواتین ، بچوں ، بزرگوں، درج فہرست ذات و قبائل اور دیگر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ جرائم کے واقعات کی روک تھام کے لئے ترجیحی اقدامات کرنے کو کہا ہے ۔مرکزی وزارت داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ ان طبقات کے لوگوں کا خیال رکھے تاکہ ان کے ساتھ ناانصافی یا کوئی جرم اور دھوکہ دہی وغیرہ نہ ہو۔ اس دوران یتیم بچوں کا خاص خیال رکھنے اور بزرگ شہریوں کی ادویات اور حفاظت کی ضروریات پر بھی توجہ دینے کو کہا گیا ہے ۔اس کے لئے ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ پولیس اہلکاروں کو ان طبقوں کی ضروریات کے لئے حساس بنائیں اور متعلقہ محکموں کے ساتھ ہم آہنگی قائم کریں۔