عوام سوشیل میڈیا پر محتاط رہیں۔ بچوں کے تحفظ کے موضوع پر کانفرنس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت بچوں اور خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ بھروسہ سنٹرس کے ذریعہ متاثرین کی بھرپور مدد کی جارہی ہے ۔ جنسی ہراسانیوں کا شکار بچوں کے تحفظ کے موضوع پر ایم سی آر ایچ آر ڈی میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بچوں کے خلاف جنسی تشدد کی ہر کسی کو مذمت کرنی چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایسے واقعات میں ملوث ملزمین کو سخت سزا دی جائے گی۔ چیف منسٹر نے عوام کو سوشل میڈیا پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا۔ اس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس سوریہ کانت ہائیکورٹ ججس و ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر کے ساتھ پولیس عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ اہم موضوع پر کانفرنس کا اہتمام کرنے پر چیف منسٹر نے تلنگانہ پولیس اور دیگر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کے جرائم پر قابو پانے کے ساتھ متاثرہ بچوں کو ہر قسم کا قانونی تحفظ فراہم کیا جانا چاہئے۔ جنسی زیادتیوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا چیف منسٹر نے پولیس کو مشورہ دیا۔ تلنگانہ میں لڑکیوں کے تحفظ کیلئے بھروسہ پراجکٹ متعارف کرایا گیا جس کے ریاست بھر میں 29 مراکز کام کررہے ہیں ۔ ان مراکز کے ذریعہ نہ صرف پولیس کی مدد فراہم کی جارہی ہے بلکہ قانونی امداد اور طبی امداد، کونسلنگ جیسی خدمات بھی فراہم کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد ہیڈکوارٹر کے ذریعہ خدمات فراہم کرنے والا بھروسہ سنٹر ’چائلڈ فرینڈلی کورٹس‘ شروع کرنے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے۔ ان مراکز کا مقصد نہ صرف مقدمات کو جلد حل کرنا ہے، بلکہ بچوں کے مکمل تحفظ، اعتماد اور نشوونما کیلئے ضروری اقدامات کرنا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ POCSO قانون ترقی پسند ٹولز کے طور پر کام کررہے ہیں۔ تاہم عملی طور پر کچھ مسائل کا سامنا ہے۔ یہ قوانین متاثرین کو کوئی نقصان پہنچائے بغیر ان کے مستقبل کے تحفظ میں مکمل طور پر مددگار ثابت ہونگے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بچوں سے زیادتی کرنے والوں سے کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ ایسے واقعات کی رسواکن مہم چلانے اور بلیک میل کرنے والے مجرموں سے سختی سے نمٹنے کا حکم دیا۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ تلنگانہ حکومت ضروری اقدامات کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف صرف عدالتوں میں نہیں ہر مرحلے پر ہونا چاہئے۔ پولیس اسٹیشن، چائلڈ ویلفیر سنٹرس کے بشمول تمام عمل کے ذریعہ بچوں کو انصاف اور تحفظ ملنا چاہئے۔ ریونت ریڈی نے تمام ججس، پولیس عہدیداروں، بچوں کی بہبود کمیٹیوں اور دیگر شراکت داروں سے اپیل کی کہ متاثرین سے انصاف اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور متاثرین کو ضروری تحفظ اور معاشرے میں مناسب احترام فراہم کرنے اور ان کا بچپن دوبارہ لوٹانے کے اقدامات کریں۔2