خواتین اور لڑکیوں کے اغواء کی گمراہ کن خبر عام کرنے کا شاخسانہ

   

سوشیل میڈیا پر پھیلی خبر کے خلاف سائبر کرائم پولیس کی کارروائی ، تین افراد گرفتار
حیدرآباد ۔ /13 جون (سیاست نیوز) سوشیل میڈیا پر خواتین اور لڑکیوں کے اغواء اور گمشدہ ہونے کی گمراہ کن خبر کو عام کرنے والے تین افراد کو سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس (سی سی ایس) مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں سے شہر میں ایک خبر سوشیل میڈیا کے ذریعہ وائرل ہورہی ہے جس میں لڑکیاں ، خواتین کے اچانک گمشدہ ہونے اور اغواء ہونے کے واقعات کے حوالے سے بے بنیاد خبریں پھیلائی جارہی تھیں ۔ اس سلسلے میں سائبر کرائم پولیس نے ازخود کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد وینکٹ گوریجالا ، کرانتی کرن نائیڈو اور بالراجو کو گرفتار کرلیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد سوشیل میڈیا پر ایک خبر شائع کی جس میں بتایا گیا کہ شہر حیدرآباد میں اندرون 24 گھنٹے 82 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں اور فیس بک پر تلنگانہ یووا سائنیم کے نام سے ایک پیج قائم کیا ۔ جس کے ذریعہ بے بنیاد اور گمراہ کن خبریں پھیلارہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ وینکٹ گریجالا جو نوجوان کانگریس قائد بتایا جاتا ہے اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں عدالت میں پیش کردیا ۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گمراہ کن خبروں کا نشانہ نہ بنیں اور سوشیل میڈیا پر اسے وائرل کرنے سے گریز کریں ۔