بی جے پی اور بی آر ایس کانگریس کے جلسہ عام کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کا شکار
حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ خواتین تحفظات بل دراصل کانگریس کا برین چائیلڈ ہے اور بی جے پی اس بارے میں کریڈٹ لینے کی کوشش کررہی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ قانون ساز اداروں میں خواتین کو تحفظات کی فراہمی کیلئے کانگریس نے پہل کی تھی۔ بی جے پی اور بی آر ایس خواتین تحفظات بل کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کویتا کی جانب سے کانگریس پر تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کویتا کو ہمت نہیں کہ وہ کابینہ میں خواتین کی نمائندگی کے بارے میں اپنے والد سے سوال کریں۔ انہوں نے کہا کہ کویتا چندرائن۔3 مشن کی کامیابی کیلئے بھی کریڈٹ لینے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی بدعنوانیاں اور کرپشن دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ 2004 سے قبل کے سی آر، کویتا اور ہریش راؤ کے اثاثہ جات کیا تھے؟ ۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ کے سی آر کے خلاف کارروائی کرکے دکھائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کی تعمیر نو میں پنڈت جواہر لال نہرو کے رول کو فراموش کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ تاریخ کو توڑ مروڑ کر پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی اور حیدرآباد اسٹیٹ کی آزادی میں بی جے پی کا کوئی رول نہیں ہے۔ بی جے پی 1981 میں وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ وجئے بھیری جلسہ عام کی کامیابی سے بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں کانگریس کا رول ہے اور کانگریس کے قائدین نے قربانیاں دی ہیں۔