بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کی مکتوب کے ذریعہ اپیل
حیدرآباد ۔ 6 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے تمام سیاسی جماعتوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن میں خواتین تحفظات بل پیش کرنے کے لیے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں ایوانوں میں خواتین کی مناسب نمائندگی ہونے پر ہی ملک ترقی کرنے کا دعویٰ کیا ۔ کویتا نے تمام سیاسی جماعتوں کو جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر اتفاق رائے سے خواتین تحفظات بل کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ خواتین مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں مگر ایوانوں میں ان کی توقع کے مطابق نمائندگی نہیں ہے ۔ یہ فرق ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہونے کا سبب ہے ۔ شہریوں کی خواہشات کی تکمیل کے لیے سماج کے مختلف طبقات کی ایوانوں میں نمائندگی لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں خواتین کی نمائندگی بڑھنی چاہئے ۔ کویتا نے کہا کہ انقلابی فیصلے کرنے میں خواتین اہم رول ادا کرسکتی ہیں ۔ ایوانوں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہونے سے نئی نئی پالیسیاں وجود میں آسکتی ہیں جو سماج کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہیں ۔ کویتا نے کہا کہ ملک میں 14 لاکھ خواتین سرگرم عوامی زندگی میں اہم رول ادا کررہی ہیں جن کی وجہ سے مقامی ادارے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں ۔ لوک سبھا اور ریاست کی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا بل طویل عرصہ سے زیر التواء ہے ۔ پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن میں اس بل کو اتفاق رائے سے منظور کروانے میں تمام جماعتیں تعاون کریں ۔۔ ن