خواتین تحفظات بل کیلئے پارلیمنٹ میں بی آر ایس کا احتجاج

   

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ارکان نے خواتین تحفظات بل کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں احتجاج کیا ہے۔ خواتین تحفظات کے مسئلہ پر مباحث کی مانگ کرتے ہوئے بی آر ایس فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے لوک سبھا میں تحریک التواء پیش کی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کُل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے خواتین تحفظات بل پر بحث کی جائے اور اسے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اداروں کے علاوہ یونیورسٹیز اور دیگر شعبہ جات میں خواتین کو مناسب نمائندگی کی ضرورت ہے اور پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے ذریعہ حکومت اپنی سنجیدگی ظاہر کرسکتی ہے۔ بی آر ایس کے ارکان نے راہول گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت کی برخواستگی اور اڈانی کمپنیوں کے معاملات کی جانچ کیلئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ارکان نے پلے کارڈز کے ساتھ پارلیمنٹ کے احاطہ میں مظاہرہ کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ راجیہ سبھا کے ارکان وی روی چندر، راجیہ سبھا کے قائد کے کیشو راؤ، جے سنتوش کمار، ڈی دیاکر راؤ، بی پارتھا سارتھی ریڈی، کے آر سریش ریڈی، ڈی لنگیا یادو نے دیگر اپوزیشن ارکان کے ساتھ احتجاج کیا جبکہ لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ کے علاوہ ایم کویتا، بی وینکٹیش، این دیاکر، سرینواس ریڈی، بی بی پاٹل، پی راملو اور دوسروں نے احتجاج کیا۔ بی آر ایس ارکان نے ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کیا جس کے نتیجہ میں دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ر