خواتین کے تحفظ کا قانون نافذ کیا جائے : سنیتا راؤ
حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت خواتین کے تحفظ سے متعلق قانون کو نافذ کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سنیتا راؤ نے کہاکہ خواتین کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی کی گئی لیکن آج تک قانون پر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ مہیلا کانگریس کی جانب سے 29 جولائی کو نئی دہلی میں جنتر منتر پردھرنا منظم کیا جائے گا جس میں خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے قانون پر سختی سے عمل آوری کی مانگ کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں خواتین کے مجموعی تحفظات میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ تحفظات کی فراہمی کے ذریعہ خواتین کو ہر شعبہ میں خود مکتفی بنایا جاسکتا ہے۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے مرکز کو اقدامات کرنے چاہئے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے اسکیم متعارف کرنے کی مانگ کی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ بی جے پی حکومت کی جانب سے انصاف رسانی تک جدوجہد جاری رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا کی ہدایت پر 29 جولائی کو جنتر منتر پر دھرنا منظم کرتے ہوئے 33 فیصد تحفظات تک عمل آوری کا مطالبہ کیا جائے گا۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ راہول گاندھی اور سونیا گاندھی سے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا ہے۔ ملاقات کی صورت میں خواتین کے مسائل پیش کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں کسی بھی عمر کی خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔ 1