خواتین تحفظات پر وزیر اعظم سے کیوں نمائندگی نہیں کی گئی

   

بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کا سونیا گاندھی سے استفسار
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے سونیا گاندھی کی جانب سے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں 9 مسائل پر مباحث کرنے کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کو روانہ کردہ مکتوب میں خواتین تحفظات کا ذکر نہ کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اندازہ ہوگیا کہ کانگریس کو خواتین کے مسائل سے کتنی ہمدردی ہے، اور کیوں مکتوب میں خواتین تحفظات کے مسئلہ کو شامل نہیں کیا گیا سونیا گاندھی سے استفسار کیا۔ کویتا نے ٹوئٹر کے ذریعہ سونیا گاندھی سے سوال کیا کہ خواتین کو ایوانوں میں نمائندگی کیا یہ قومی مسئلہ نہیں ہے۔ خواتین تحفظات پر کانگریس پارٹی اپنے موقف کو واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی چیرپرسن و رکن پارلیمنٹ سونیا گاندھی کی جانب سے خواتین تحفظات کے مسئلہ کو نظرانداز کردینے پر ملک کی ساری خواتین کو تکلیف پہنچی ہے۔ واضح رہے کہ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے18 تا 22 ستمبر منعقد ہونے والے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن کے ایجنڈہ کی تفصیلات جاری کرنے کامطالبہ کیا اور اس اجلاس میں 9 مسائل پر مباحث کرنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ تبادلہ خیال کئے بغیر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس طلب کرنے پر اپنا اعتراض جتایا۔ خصوصی سیشن کے ایجنڈہ سے اپوزیشن لاعلم ہونے کا دعویٰ کیا۔ن