حیدرآباد 17 ستمبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں خواتین تحفظات بل کی تائید میں قرار داد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے خواتین تحفظات بل کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں منظور کرنے قرار داد منظور کی ہے ۔ کے کویتا نے کانگریس کی قرار داد کا خیرمقدم کیا تاہم انہوں نے اس بل کو قانون کی شکل دینے میں ہونے والی تاخیر پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے اس مسئلہ پر حکومت کی توجہ دلانے پر کانگریس کی ستائش بھی کی ۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کویتا نے جہاں کانگریس قرار داد کی ستائش کی وہیں انہوں نے کہا کہ اس بل کو منظور کروانے اور قانون کی شکل دینے کیلئے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جہاں کانگریس نے قرار داد منظور کی ہے وہیں وہ اس سمت میں اپنی کوششوں کو آگے بھی جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مجوزہ خصوصی اجلاس میں اس بل کو پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے ذریعہ حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکتا ہے کہ خواتین تحفظات بل کو منظور کروایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں جنسی مساوات کو یقینی بنانے کی سمت اس بل کی منظوری بہت اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تحفظات بل کے مسئلہ کو ورکنگ کمیٹی قرار داد کے ذریعہ پیش کرنے کا وہ خیر مقدم کرتی ہیں۔