اردو ماڈل اسکول میدک میں تقسیم اسناد تقریب سے محمد سلیم نواب کا خطاب
میدک۔/15 فر وری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دور جدید میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، خواتین کابااختیار ہونا ضروری ہے۔ خواتین کو چاہیئے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ ہنر بھی سیکھیں۔ جناب محمد سلیم نواب ریلوے الیکٹریکل کنٹراکٹر محبوب نگر نے میدک کے اردو ماڈل اسکول میں صدر کمیٹی ایم اے معید ماجد کی جانب سے چلائے جانے والے غلام صمدانی میموریل ٹیلرنگ سنٹر سے تربیت یافتہ خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اردو ماڈل اسکول کے طلباء و طالبات کی جانب سے پیش کردہ مختلف ثقافتی پروگرام کی خوب ستائش کی۔ جناب سلیم نے اردو ماڈل اسکول کے لئے اپنی جانب سے کمپیوٹر کا تحفہ دینے کا تیقن دیا۔ تقسیم اسنادات تقریب کی کارروائی صدر معلمہ محترمہ خدیجۃالکبریٰ نے چلائی۔ اردو ماڈل اسکول کے بانی الحاج غلام صمدانی ٹیکمالی مرحوم کے فرزند اعلیٰ جناب ایم اے صبور جاوید نے بھی شرکت کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں اسنادات کی تقسیم کرتے ہوئے ماڈل اسکول کے صدر جناب ایم اے معید ماجد کی خدمات کی ستائش کی۔ اس پروگرام میں دیگر مہمان مسرز عبدالحامد، عبدالخالد، محمد مشتاق احمد، عبدالعابد کے علاوہ معتمد اردو ماڈل اسکول کمیٹی جناب محمد فاروق حسین، محمد مجید الدین مجیب، محمد واجد، سید کلیم گلشنی، عبدالشہید راشد اور عبدالجمیل ، معلمات اسکول اور طلبہ، ٹیلرنگ تربیت یافتہ خواتین نے بھی شرکت کی۔