نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے پیر کو ایوان میں کہا کہ حکومت کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں خواتین کے ریزرویشن بل کو پاس کرنا چاہئے ۔ چودھری نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کی پرانی عمارت میں ایوان کی کارروائی کے آخری دن اپنے خطاب میں کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے خواتین ریزرویشن بل پاس کرانے کی کوشش کی تھی۔ حکومت کو اب یہ بل پاس کرانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت ان کا مطالبہ مان لے گی۔ ادھیر رنجن نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور مفاد عامہ کے مسائل کو حکومت کے سامنے پیش کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے لیے ہفتہ میں ایک پورا دن مختص کیا جانا چاہئے ۔ ملک کی ترقی کے لیے کئی سابق وزرائے اعظم کے تعاون پر بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی تھی۔