خواتین میںخود اعتمادی کیلئے تعلیم ضروری

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد میں عالمی یوم خواتین ، ڈی ایس پی شنکر راجو کی مخاطبت
ظہیرآباد : ڈی ایس پی شنکر راجو نے یہاں پولیس اسٹیشن ظہیرآباد کے احاطہ میں منعقدہ یوم عالمی خواتین پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک کہا کہ وجود زن کے بغیر انسان کی تخلیق ممکن نہیں ہے ۔ روئے زمین پر کوئی علاقہ ایسا نہیں ہے جہاں خواتین موجود نہیں ہیں اور یہ کہ کائنات کی رونق درحقیقت خواتین کے دم سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تئیں ہر ایک میں انسانی ہمدردی کا جذبہ ہونا چاہیئے ۔ خاص کر لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں کوتاہی سے کام نہ لیں ۔ انہیں اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلوائیں ۔ لین دین اور زبردستی کی شادی سے گریز کیا جانا چاہیئے ۔ خوشگوار معاشرہ کی تشکیل اسی وقت ممکن ہے جب کہ خواتین میں ان کے بہتر تحفظ ہونے کا عتماد جاگرزیں نہ ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی خواتین میں خود اعتمادی پیدا کرسکتی ہے اور انہیں زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ سرکل انسپکٹر ظہیرآباد راج شیکھر رنے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا احترام ، خدا کے احترام کے مترادف ہے ۔ ماضی کے مقابلے میں خواتین میں آج بڑی تبدیلیاں آئی ہیں اور یہ کہ خواتین مردوں کے مقابلے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں اور وقت پڑنے پر ذمہ داریوں کا بوجھ بھی اٹھاتی ہیں ۔ اس موقع پر محکمہ پولیس میں برسرخدمت خواتین اہلکاروں کی شالپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی جب کہ ظہیرآباد ڈیویژن کے سب انسپکٹرس وینکٹیش ، ونئے کمار ، سی ایچ راج شیکھر ، کاشی ناتھ ، وجئے کمار اور دوسرو ں نے اپنی شرکت درج کرائی ۔