خواتین میں بیک وقت کئی کام انجام دینے کی صلاحیت

   

ہردن خواتین کاہی ہوتاہے، اسپرنگ فیلڈ اسکول بنڈلہ گوڑہ میں ویمنس ڈے پروگرام، مختلف شخصیتوں کا خطاب
اسپرنگ فیلڈس انٹرنیشنل اسکول بنڈلہ گوڑہ میں یوم خواتین کا بڑے پیماے پر منعقد ہوا ۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماہر تعلیم و سماجی جہدکار انجم بابو خان نے کہا کہ خواتین میں بیک وقت کئی کام انجام دینے اور ہر ماحول سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کام سے قبل اِس بات کو ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ ہم اللہ کے آگے جوابدہ ہیں اور اِس سوچ کے بعد کاموں کی انجام دہی میں غلطی ہونے کے امکانات کم سے کم ہوجاتے ہیں۔ اِس کے علاوہ ہمارے ہر اچھے اور برے کام کا صلہ ملنا طئے ہے اور یہ جذبہ ہم کو صرف اچھے کام کرنے کی طرف راغب کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی روزانہ بہتر نہیں ہوسکتا تاہم ہماری کوشش بہتر سے بہتر کرنے کے لئے ہونی چاہئے، ممتاز قانون داں شفیق الرحمن مہاجر نے کہا کہ سماج میں خواتین کی حیثیت مسلمہ ہے اور بغیر شک و شبہ کہا جاسکتا ہے کہ ہر دِن خواتین کا ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور خواتین وہ تمام کام بحسن خوبی انجام دے سکتی ہیں جو مرد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر نظام حکومت میں حالات کی مناسب سے قوانین ہوتے ہیں اِسی طرح خواتین کے حالات کو دیکھتے ہوئے کچھ مخصوص قوانین تدوین کئے گئے، اِن قوانین کا مطلب یہ نہیں ہے کہ خواتین مردوں سے کمتر ہیں۔ اِسی طرح اِسلام میں بھی خواتین کو خصوصی موقف دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ محسوس کریں کہ آپ کے ساتھ امتیازی رویہ یا ناانصافی کی جارہی ہے تو آپ کو عدالتوں سے رجوع ہونے یا بزرگوں کے سامنے مسئلہ رکھتے ہوئے اپنا حق حاصل کرنے کا اختیار ہے۔ اِس پروگرم سے ماہر نفسیات افشاں جبین اور ڈاکٹر نازیہ افروز نے بھی خطاب کیا۔ اسماء مہاجر نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ اِس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔