نیویارک ۔ 10 جنوری (ایجنسیز) ایلون مسک کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک نے خواتین اور بچوں کی ڈیپ فیک سے نامناسب تصاویر بنائے جانے پر شدید تنقید کے بعد اپنے امیج بنانے اور ایڈیٹنگ کے فیچر کو محدود کرتے ہوئے غیر ادا شدہ (فری) صارفین کے لیے بند کر دیا، اسکے باوجود یورپی ممالک کے تحفظات برقرار ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیچر کے ذریعے آن لائن تصاویر میں رد و بدل کرتے ہوئے انہیں نامناسب و غیراخلاقی بنایا جاسکتا تھا، تاہم اس پر مختلف ممالک کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آیا اور ایلون مسک کو جرمانوں کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ بعدازاں اپنے بیان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر صارفین کو جواب دیتے ہوئے گروک نے کہا کہ تصویر بنانے اور ایڈٹ کرنے کا ٹول صرف ادائیگی کرنے والے سبسکرائبرز کے لیے محدود کر دیا گیا ہے۔ ان فیچرز کو استعمال کرنے کیلئے سبسکرپشن لینا ہوگی۔
