نلگنڈہ میں ’’بھروسہ سنٹر‘‘ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ ، شی ٹیم آئی جی سواتھی لکراکا خطاب
نلگنڈہ /24 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) خواتین اور بچوں پر ہو رہی جنسی ہراسانی اور عصمت ریزی کے واقعات کی روک تھام کیلئے خواتین کو پر اعتماد بنانے کیلئے بھروسہ سنٹر ( یقین دہانی ) مرکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ اس کے تحت خصوصی چوکس عدالت کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ یہ بات خواتین سیفٹی ونگ و شی ٹیم آئی جی سواتھی لکرا نے آج ضلع نلگنڈہ میں پرکاشم بازار میں قائم کئے جانے والے بھروسہ سنٹر کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے حیدرآباد اور وقارآباد میں بھروسہ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور بتایا کہ ان مراکز پر پولیس آفیسر ، ماہر نفسیات ، قانونی مشیر کے علاوہ مشاورت اور کونسلنگ کی بھی سہولت فراہم رہے گی ۔ متاثرہ افراد کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے 164 سی آر پی سی کے تحت کارروائی کی جائے گی اور مقدمات کا فیصلہ اور بیانات کے قلمبند کیلئے ویڈیو کانفرنس کی سہولت رہے گی ۔ آئی جی سیفٹی ونگ نے کہا کہ متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کرنے میں یہ مراکز مددگار ثابت ہوں گے اور بتایا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق عدالتوں کے قریب یقینی دہانی مرکز کا قیام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ گھریلو تشدد کا شکار خواتین اور بچوں کیلئے سوگھی سنٹر سے ریاست میں کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے این آر آئی رام ریڈی کے مالی تعاون سے اس کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ اس موقع پر آئی جی سیفٹی ونگ نے انجینیئرس و دیگر عملے سے بات چیت کی اور کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ایک منصوبہ کے تحت تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ بعد ازیں شی ٹیم پولیس اسٹیشن کا معائنہ کیا درج کردہ مقدمات کی یکسوئی میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت دی اور کہاکہ سماج میں خواتین پر ہونے والی ناانصافیوں پر فوری کارروائی اور اس خصوص میں بیدار پر توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ضلع مہتمم پولیس مسٹر اے وی رنگاناتھ ایڈیشنل ایس پی پدما نابھا ریڈی ڈی ایس پی گنگارام و دیگر موجود تھے ۔
