خواتین پر مظالم کے واقعات روکنے میں حکومت ناکام

   

ملک میں تلنگانہ جرائم میں سرفہرست ، یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔2 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو نے کہا کہ اگر تلنگانہ میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوگا تو کانگریس پارٹی احتجاج منظم کرے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انیل کمار یادو نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ ریاست خواتین پر حملوں اور قتل کے واقعات کے سلسلہ میں سرفہرست ہے۔ گزشتہ دنوں پرینکا ریڈی کے بہیمانہ قتل میں ملک بھر میں تلنگانہ کا سر شرم سے جھکا دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر صورتحال سے واقفیت کے باوجود لاعلمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ کے سی آر کی جانب سے لیڈی ڈاکٹر کے قتل پر افسوس کا اظہار نہیں کیا گیا جبکہ ہندوستان بھر میں اس واقعہ کی مذمت کی جارہی ہے۔ انیل یادو نے کہا کہ نربھیا ایکٹ پر عمل آوری کیلئے کے لئے کے ٹی آر ٹوئیٹر پر وزیراعظم سے درخواست کر رہے ہیں جبکہ انہیں مطالبہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس مرکزی حکومت سے خوفزدہ دکھائی دے رہی ہے اور اپنے حقوق کو منوانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے پرینکا ریڈی کے قاتلوں کو ٹینک بنڈ پر برسر عام سزائے مود دینے کا مطالبہ کیا۔ انیل یادو نے کہا کہ پولیس کی نئی گاڑیوں کیلئے کروڑہا روپئے خرچ کئے گئے لیکن مضافاتی علاقوں اور ہائی وے پر پولیس کی کوئی پٹرولنگ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر شمس آباد کے علاقہ میں پولیس پٹرولنگ کی جاتی تو پرینکا ریڈی کی زندگی بچ جاتی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کے پاس متاثرہ خاندان سے ملاقات کے لئے وقت نہیں ہے۔ چیف منسٹر پرگتی بھون تک محدود ہوچکے ہیں جبکہ کے ٹی آر ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے ہیں۔ انیل یادو نے کہا کہ پرینکا ریڈی کے قتل پر ٹوئیٹر کے ذریعہ اظہار افسوس کرنے کے بجائے کے ٹی آر کو چاہئے کہ شخصی طور پر پسماندگان سے ملات کریں۔