خواتین کا تحفظ ، پولیس کی اولین ذمہ داری

   

منچریال میں خواتین و طالبات کے اجلاس سے کمشنر وی ستیہ نارائنا کا خطاب

منچریال ۔ /10 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خواتین کی حفاظت ، پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ۔ پولیس خواتین بشمول عام عوام کی حفاظت کیلئے پابند عہد ہے ۔ یہ بات پولیس کمشنر رام گنڈم مسٹر وی ستیہ نارائنا نے ضلع منچریال کے مندامری ، سائی مترا گارڈن میں مختلف کالجس اور دیگر خواتین کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے طالبات اور خواتین سے کہا کہ پولیس 100 نمبر ڈائیل کی روزانہ جانچ کررہی ہے اور خواتین کو مشکل یا کچھ پریشانی لاحق ہونے پر شہروں میں 5 تا 10 منٹ کے اندر اور دیہی علاقوں سے کال آنے پر 10 تا 20 منٹ میں پہونچ جائے گی اور ان کی حفاظت کیلئے ہرممکن قدم اٹھائے گی ۔ خواتین یا طالبات جب کبھی بس اسٹاپ یا دیگر مقامات پر ہوں انہیں سواری نہیں مل رہی ہے تو فوراً 100 نمبر پر ڈائیل کریں ۔ پولیس خود ان کے پاس پہنچ کر ان کے مقام کو پہنچائے گی ۔ پولیس خصوصاً عوام کی حفاظت و خدمت کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتی ہے ۔ انہوں نے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ طالبات و خواتین ڈر و خوف میں مبتلا نہ ہوں ۔ پولیس ان کی حفاظت کیلئے مختلف ٹھوس منصوبے بنالیا ہے۔ اس اجلاس میں خواتین طالبات مختلف شعبہ جات کی خواتین کی 1500 تعداد نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر اے سی پی ، بیلم پلی مسٹر عبدالرحمن کے علاوہ سی آئی بیلم پلی ، مندامری ، ایس آئیز و پولیس عملہ کی کثیرتعداد موجود تھی