غریبوں کے بجائے صرف ٹی آر ایس کے کارکنوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرنے کا الزام
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو خواتین کی ناراضگی و برہمی کا سامنا کرنا پڑا ۔ خواتین نے ڈبل بیڈ روم مکانات میں شفافیت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے صرف ٹی آر ایس کے کارکنوں اور حامیوں میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر اور تلنگانہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کی ۔ کے ٹی آر نے آج ضیاگوڑہ میں ڈیگنٹی ہاوزنگ کالونی کا افتتاح کیا اور جیسے ہی اپنی تقریر کا آغاز کیا مقامی خواتین نے احتجاج شروع کیا ۔ خواتین نے چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کی ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم میں غریب عوام سے انصاف نہ کرنے صرف ٹی آر ایس کے کارکنوں اور حامیوں کو فائدہ پہونچانے کا الزام غریب عوام کو نظر انداز کرنے کا دعویٰ کیا ۔ تاہم ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے خواتین کے احتجاج پر کوئی توجہ نہیں دی اور نہ ہی اپنی تقریر کے دوران احتجاج کرنے والی خواتین کو کوئی دلاسہ یا تیقن دیا اور نہ ہی ان کے احتجاج پر کوئی ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی تقریر کو جاری رکھا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس ہاوزنگ کالونی میں 71.49 کروڑ روپئے کے مصارف سے 840 ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی خواہش کے مطابق اس ہاوزنگ کالونی میں غریب خاندانوں کو تمام بنیادی سہولتیں ، پینے کا پانی ، برقی ، سی سی روڈ ، شاپنگ کامپلکس کے ساتھ بستی دواخانہ جیسی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔۔