خواتین کو انصاف دلانے کیلئے ویمنس کمیشن متحرک

   

لیگل سرویسس کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ،صدر نشین سنیتا لکشما ریڈی کا بیان

حیدرآباد۔/31اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ویمنس کمیشن کی صدرنشین سنیتا لکشما ریڈی نے کمیشن کے ارکان سے کہا کہ خواتین کو انصاف کی فراہمی کیلئے کمیشن کے ذریعہ ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ ضرورت پڑنے پر لیگل سرویسس اتھاریٹی سے تعاون حاصل کیا جائے گا۔ تلنگانہ ویمنس کمیشن کا اجلاس صدرنشین سنیتا لکشما ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا اور کمیشن کے ارکان شاہانہ افروز، کے ایشوری بائی، کے اوما دیوی یادو، جی پدما، ایس لکشمی، کے ریوتی راؤ اور کمیشن کی سکریٹری سنندھی نے شرکت کی۔ سنیتا لکشما ریڈی نے کہاکہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ سماج میں خواتین کے ساتھ ناانصافی اور مظالم کے واقعات میں اضافہ باعث افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہمیشہ خواتین کی ترقی پر توجہ مبذول کی ہے۔ خواتین کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ہر ضلع میں کمیشن کے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی سماعت کے بعد انہیں اعلیٰ عہدیداروں سے رجوع کیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں منظور کی گئیں۔ ویمنس کمیشن میں درج ہونے والی شکایات کے حل کیلئے لیگل سرویسس اتھاریٹی کا تعاون حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ خواتین پر مظالم کی روک تھام کیلئے آئی پی سی اور دیگر دفعات پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ عصمت ریزی اور جنسی ہراسانی کی شکار خواتین کو مالی امداد کی فراہمی کے حق میں قرارداد منظور کی گئی۔ ہر ضلع میں جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ویمنس کمیشن کے اجلاسوں میں غیر حاضر رہنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ر