خواتین کو اپنے حقوق کیلئے ’اندرا فیلو شپ‘ میں شامل ہونا چاہیے

   

سیاست میں دلچسپی رکھنے والی خواتین سے راہول گاندھی کی اپیل

نئی دہلی: کانگریس قائد اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے خواتین کو بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاست میں ان کی شمولیت ناگزیر ہے۔ اتوار کو ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے سیاست میں دلچسپی رکھنے والی خواتین سے اپیل کی کہ وہ ‘اندرا فیلوشپ’ میں شامل ہو کر خواتین پر مرکوز سیاست کا حصہ بنیں۔اندرا فیلوشپ، جو کہ ایک سال پہلے شروع کی گئی تھی خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کا ایک اقدام ہے۔ راہول گاندھی نے اس پروگرام کو ایک ’طاقتور کارواں‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد خواتین کی سیاست میں بھرپور شمولیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ معاشرے میں مساوات اور انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں خواتین کی شمولیت کے بغیر معاشرتی انصاف اور برابری ممکن نہیں۔ آدھی آبادی کو پورا حق دینا کانگریس پارٹی کی سوچ اور عزم کی علامت ہے۔انہوں نے خاص طور پر ان خواتین سے اپیل کی جو نچلی سطح پر کام کرنا چاہتی ہیں کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں۔ راہول گاندھی نے ’شکتی ابھیان‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم خواتین کو مقامی سطح پر مضبوط تنظیموں کی تشکیل میں مدد فراہم کر رہی ہے اور انہیں سیکھنے، آگے بڑھنے، اور سماجی تبدیلی کا ذریعہ بننے کا موقع دے رہی ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ www.shaktiabhiyan.in پر اندراج کریں اور اس تحریک کا حصہ بنیں تاکہ گاؤں سے لے کر ملک تک تبدیلی لائی جا سکے۔خیال رہے کہ اندرا فیلوشپ کا مقصد خواتین کی آواز کو سیاست میں مزید طاقت دینا ہے اور یہ اقدام سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے اعزاز میں شروع کیا گیاہے۔ راہول گاندھی کا ماننا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے خواتین کو ملک کے نظام میں مساوی شراکت داری ملے گی اور ایک زیادہ متوازن معاشرہ وجود میں آئے گا۔