خواتین کو اپنے حق کیلئے آگے بڑھنے کی ترغیب

,

   

یوپی اسمبلی الیکشن میں خواتین کو 40 فیصد کانگریس ٹکٹ محض شروعات، پرینکا گاندھی کا خطاب

چترکوٹ (یوپی) : کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج خواتین سے اپیل کی کہ خود کیلئے مزاحمت کرنا شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ! سنئے کہ اب جمہوری ہتھیار اٹھانے کا وقت آ گیا ہے۔ اب کوئی گووند نہیں آئے گا۔ آپ کب تک نام نہاد لوگوں پر بھروسہ کریں گے اور کب تک موجودہ میڈیا پر بھروسہ قائم رکھیں گے جو پہلے ہی بک چکے ہیں۔ دوشاسن کے دربار سے آپ کو کس قسم کا تحفظ حاصل ہوسکتا ہے؟ پرینکا نے کہا کہ اس مرتبہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دے گی جو خواتین کے جمہوری حقوق کے تحفظ کی سمت محض شروعات ہے۔ ’’میں چاہتی ہوں کہ 2024ء کے انتخابات میں خواتین کی نصف آبادی 50 فیصد نشستوں پر انتخاب لڑیں۔ موبائیل فون آپ کی حفاظت میں مددگار ہوگا اور اسکوٹی آپ کی تعلیم میں معاون ہوگی۔ خواتین کیلئے سرکاری بسوں میں تمام سفر فری ہوں گے اور سرکاری جائیدادوں میں خواتین کیلئے 40 فیصد گنجائش تو پہلے سے موجود ہے‘‘۔ کانگریس لیڈر نے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وزیر کے بیٹے نے لکھیم پور میں کسانوں کو روند ڈالا لیکن حکومت نے اس کی مدد کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’آشا‘ سے وابستہ بہنوں کو اپنے مطالبات پیش کرنے پر نظم و نسق کی جانب سے بری طرح مارپیٹ کی گئی ہے۔ جب آپ کا لگاتار استحصال کیا جارہا ہے اور آپ کو زدوکوب بھی کیا جارہا ہے تو پھر آپ وہی لوگوں سے اپنے حقوق مانگے جو آپ کو پیٹ رہے ہیں تو آپ کو اپنے حقوق حاصل نہیں ہوں گے۔ آپ کو اپنے حقوق کیلئے لڑنا پڑے گا۔ اگر حکومت آپ کیلئے کچھ نہیں کررہی ہے تو پھر کیوں اسے یوں ہی برداشت کیا جائے؟ پرینکا نے آج دریائے منداکنی کے کنارے رام گھاٹ پر تقریباً 5000 خواتین کے گروپ سے تال میل قائم کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے۔ ان خواتین نے آنگن واڑی ورکرس، آشا ورکرس، وکلاء اور سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان شامل ہیں۔ انہوں نے گھروں اور کام کے مقامات پر انہیں درپیش مسائل کے تعلق سے بات کی اور کانگریس کی جانب سے خواتین کیلئے معلنہ ریزرویشن پر خوشی کا اظہار کیا۔ پرینکا نے انہیں یقین دلایا کہ کانگریس نے کے ساتھ کھڑی ہوگی اور ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے درکار ہرممکنہ طریقہ میں ان کی مدد کرے گی۔ یہ پروگرام ’’لڑکی ہوں، لڑسکتی ہوں‘‘ کے نعرے پر مرکوز رہا، جس میں سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں اور خواتین نے حصہ لیا۔ ان میں زیادہ تر کا تعلق کم آمدنی والے گروپوں سے ہے۔ انہوں نے کانگریس لیڈر کو انہماک سے سنا، جنہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کانگریس کی طرف سے مختلف پروگرام پیش کئے۔ پرینکا آنے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں مسلسل کانگریس کی مہم آگے بڑھارہی ہے۔ انہوں نے خصوصیت سے یوگی ادتیہ ناتھ زیرقیادت بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کو نشانہ بنایا اور مہنگائی، عوام کے بنیادی مسائل جیسے موضوعات چھیڑے ہیں۔