خواتین کو بسوں میں مفت سفر کیخلاف ہائی کورٹ میں درخواست

   

مفاد عامہ کے بجائے رٹ پٹیشن میں تبدیل کرنے ہائی کورٹ کی ہدایت

حیدرآباد۔/31جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی آر ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ میں دائر کردہ مفاد عامہ کی درخواست پر آج سماعت ہوئی۔ ناگول سے تعلق رکھنے والے ہریندرا نامی شخص نے درخواست داخل کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے نتیجہ میں آر ٹی سی بسوں میں ہجوم میں اضافہ ہوا ہے۔ افراد خاندان کے ساتھ سفر کی صورت میں کم از کم ٹہرنے کی سہولت بھی نہیں ہے۔ درخواست گذار نے خواتین کو مفت سفر کی سہولت سے متعلق جی او 47 منسوخ کرنے کی درخواست کی۔ درخواست گذار کی سماعت کے بعد عدالت نے کہا کہ یہ درخواست مفاد عامہ کے زمرہ میں نہیں آتی اور درخواست گذار نے شخصی تجربہ کی بنیاد پر یہ درخواست داخل کی ہے۔ عدالت نے رجسٹری کو ہدایت دی کہ اس درخواست کو رٹ پٹیشن میں تبدیل کرتے ہوئے دوبارہ سماعت کیلئے پیش کریں۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت کو دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے الیکشن سے قبل خواتین کو مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا حکومت کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دو ضمانتوں پر عمل آوری کا فوری طور پر آغازکیا جن میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت شامل ہے۔1